لاہور(قاضی ندیم اقبال) حضرت بی بی پاکدامن ؑکے سالانہ عرس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ۔ فنانس ڈائریکٹوریٹ نے کل20 جنوری سے شروع ہونیوالی تین روزہ عرس تقریبات کے انعقاد کے لئے 1لاکھ53ہزار روپے عرس گرانٹ کی مد میں جاری کر دئیے جبکہ سکیورٹی معاملات کوبھی حتمی شکل دے دی گئی ۔ذرائع کے مطابق حضرت بی بی پاکدامن ؑ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز کل 20جنوری دوپہر مزار پر انوار کوسالانہ غسل کی تقریب سے ہو گ،عرس تقریبات 22جنوری جمعتہ المبارک کی رات تک جاری رہیں گی،کل پہلے روز متوقع طور پر مسز نذیر چوہان، سعدیہ سہیل رانا دیگر خواتین زائرین کی ہمراہی میں مزار پر انور کومنوں عرق گلاب سے غسل دیں گی ،پہلے روز محفل نعت کا بھی اہتمام کیا جائے گا، دوسرے روز تاریخی جھنڈا جلوس بھی نکالا جائے گا، صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ، سیکرٹری اوقاف محمد عامر جان، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ، دیوان غلام محی الدین و دیگر بھی روحانی و علمی محافل میں شریک ہوں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ زائرین کو سکیورٹی کے ٹرپل سٹیپ انتظامات سے گذارنے کے بعد ہی مزار میں داخلے کی اجازت مل سکے گی ،تمام تر معاملات کی نگرانی کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے ہو گی، باضابطہ منی کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ۔