اسلام آباد،لاہور،کراچی ،سکھر(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،بیورورپورٹ)ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، سابق وزیراعظم کے جوڈیشل ریمانڈ میں4فروری تک توسیع کردی گئی ، شاہد خاقان کو پیشی کیلئے اڈیالہ جیل سے عدالت لایا گیا شریک ملزمان عظمیٰ عادل ، سعید احمد اور دیگربھی اس موقع پر موجود تھے ، مفتاح اسماعیل اور حسین داؤد استثنیٰ کے باعث پیش نہ ہوئے ، جب کہ مفرور ملزم شاہدالاسلام کی وجہ سے ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عظمیٰ عادل اور سعید احمد کے وکلا نے ملزمان کو 1،1 کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے حکم پر اعتراض کیاجس پر جج کا کہنا تھا کہ کیش میں کسی سے کچھ نہیں مانگ نہیں رہے ، آج کل ایک گاڑی بھی 50 لاکھ کی ہوتی ہے ،عدالت نے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی استثنیٰ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔دریں اثنا لاہور سے اپنے نیوز رپورٹر سے کے مطابق احتساب عدالت لاہور نے گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں ملزم طارق شاہ کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز سکینڈل کیس میں سابق ایم ڈی پنجمن منظر حیات کے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی گئی، پراسیکیوٹر نے جواب میں کہا کہ ریفرنس جلد ہی دائر کر دیا جائے گا تیاری کے آخری مراحل میں ہے ۔مزید براں ڈی پی او آفس ساہیوال میں 360 ملین کرپشن سکینڈل میں عدالت نے 5ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں14روز توسیع کر دی۔مزید براں جعلی بنک کے ذریعے شہریوں سے 52 ملین فراڈ سکینڈل کیس میں عدالت نے ملزم حامد رسول کے مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق احتسا ب عدالت نے جعلی اکائونٹس کیس میں اومنی گروپ کو 12پلاٹس فرضی ناموں پر الاٹ کرنے کے معاملے پر اعجاز ہارون، عبد الغنی مجید، حسین لوائی سے تفتیش کرنے کی اجازت دیدی ۔مزید براں کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق چیئر مین نیب نے اقبال زیڈ احمد کے خلاف تحقیقات کراچی سے راولپنڈی منتقل کردی ۔