لاہور(92 نیوزرپورٹ، این این آئی)احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28مئی تک ملتوی کردی ۔عدالت نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کو ہدایت کی کہ وہ ان سے پوچھیں کہ وہ کس حتمی تاریخ کو عدالت میں پیش ہوں گے ۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی توحمزہ شہباز عدالت میں پیش ہو ئے تاہم شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے ۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے عدالت فراخدلی سے آپ کو سہولت دیتی رہی ہے ، میرے پاس کیا رپورٹ ہے جس کی بنیاد پر میں یقین کروں کہ واقعی علاج پاکستان میں ممکن نہیں ۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہامیرے موکل کے ٹیسٹ کی پاکستان میں سہولت میسر نہیں جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک رکنا پڑ رہا ہے ،پاکستانی ڈاکٹرز نے برطانیہ میں علاج تجویز کیا ہے ، شہباز شریف مستقل استثنیٰ نہیں مانگ رہے صرف دو ہفتوں کی بات ہے ،عدالت شہباز شریف کی دو ہفتوں کے لئے حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرے ۔ان کا 7جون کو ٹیسٹ ہونا ہے اور اس کی رپورٹ آتے ہی وہ پاکستان آ جائیں گے ۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے استثنیٰ کی درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں کہا شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے ، ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی باربار کی درخواستوں کی وجہ سے کیس کا ٹرائل رکا ہوا ہے ۔عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی 14 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔