لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اگلے تین سے چھ ماہ میں احتساب کا جھکڑ چلے گا ،اس بار اپوزیشن نے بہت واویلا مچایا لیکن بجٹ پاس ہوگیا ۔92 نیوز کے پروگرام دی لاسٹ آور میں میزبان یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آل پاکستان لو ٹ مارایسوسی ایشن کی قسمت میں ایک بار پھر رسوائی آئی۔عوام ان جیسے چوروں کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔وزیر برائے اشتمال اراضی پنجاب سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ جس واقعہ کی طرف آپ نے توجہ دلائی ہے یہ بڑا ہی افسوس ناک واقعہ ہے ، آصف اشرف جلالی ایک ایسا شخص ہے جس پر مجھے تو بہت دیر سے اعتراض تھا کیونکہ اس کی تقاریر میں ہمیشہ بغض اہل بیت ؓ کی بو آتی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی نے اس پر بڑا ایکشن لیا اور الحمد للہ ساری کی ساری اسمبلی اس پر متفق تھی مگرمیں چاہتا ہوں کہ ایسا مستقل طورپر قانون یا بل آنا چاہئے کہ کوئی آدمی ناموس رسالت ﷺناموس صحابہ ؓ ناموس اہل بیت ؓ اور ناموس امہات المومنین ؓ پر گستاخی کی جسارت نہ کرسکے اورجنہوں نے کی، انہیں قرار واقعی سزا ملے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات خارج ازامکان نہیں کہ جب کسی بھی بڑ ی ہستی کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے تو اس کو شروع کرانے والی کوئی نہ کوئی بیرونی طاقت ضرورہوتی ہے ۔ سنیئر صحافی رانا عظیم نے کہاکہ بجٹ کا پاس ہونے کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی، بجٹ منظور ہونے کے بعد اپوزیشن میں آپس کے اختلافات مزید بڑھ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سٹاک مارکیٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی پش پناہی بھارت کررہا ہے ۔ ایم ڈی پنجاب نصاف وٹیکسٹ بک بورڈ رائے منظورناصر نے کہاکہ ہمارا پوراسسٹم تباہ ہوچکا ہے ۔ نمائندہ خصوصی کراچی زوہیب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ پولیس کی بہادری کو جتنا سراہا جائے کم ہے کیونکہ دہشت گرد تو اپنے مقام تک آگئے تھے یہ ساری کارروائی افغانستان میں اسلم عرف اچھو جو مقیم ہے اس کے نئے کمانڈر نے کرائی۔