حج اسلام کا ایک عظیم رکن اور پوری امت کے لیے ہمہ گیر عبادت ہے۔، مگر پاکستان میں روز بروز بڑھتی مہنگائی نے غریب پاکستانیوں کے لیے اس عظیم سعادت کو بہت مشکل بنا دیا ہے۔ وزارت حج ومذہبی امور نے اس سال سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانے والوں کے لیے حج پیکج میں1لاکھ15ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد 2020ء میں حج پر جانے کے خواہش مند حجاج کرا م کو مجموعی طور پر5لاکھ50ہزار روپے جمع کروانا ہونگے۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں جاری مہنگائی کے سونامی اور معاشی بدحالی ،ڈ الر ،ریال کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے گزشتہ دوسالوں سے حج اخراجات میں ہوشربا اضافہ ہورہاہے۔ گزشتہ دور حکومتوں میں حج سہولیات کے نام پر بھی حکومتی شخصیات نے کرپشن کے ریکارڈ بنا کر اور حجاج کرام کو مشکلات سے دوچار کرکے کرپشن کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں ۔ موجودہ دور حکومت میں بھی وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج2020 ء اخراجات میں ہوشربا اضافہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کے پاکستا نیوں کے لیے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں ۔ جبکہ ضروری تھا کہ بھر پور کوشش سے حج اخراجات میں کمی لائی جاتی موجودہ حالات متقاضی ہیں کہ حکومت بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے اور حج اخراجات میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے۔ (رانااعجاز حسین چوہان )