مکرمی ! حج کا مقدس فریضہ سر انجام دینے کے بعد بھی عازمین کی مشکلات میں کمی نہ ہوسکی۔ وزارت مذہبی امور اور حج ڈائریکٹوریٹ کے انتظامات انتہائی نا مناسب ہیں۔ عازمین کو فراہم کیا جانے والا کھانا انتہائی ناقص معیار کا ہے جبکہ صبح، دوپہر اور رات کے کھانے کا مینو ایک ہی ہے، ناشتے میں صرف چائے فراہم کی جاتی ہے جبکہ رات کا بچا ہوا کھانا ناشتے کیلئے دیا جاتا ہے۔حج ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے واپس کی گئی رقم رہائش میں فرق کی بجائے سعودی ائیر لائن اور پی آئی اے کے کرایوں میں فرق کی وجہ سے واپس کی گئی ہے۔ پی آئی اے نے عازمین کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی۔عازمین کو گھنٹوں قطار میں لگ کر کھانا حاصل کرنا پڑتا ہے جبکہ رہائش کے انتظامات بھی بد ترین ہیں۔ ڈبل ہیڈ کے کمرہ میں 4 سے 5 بیڈ لگا کر عازمین کو ٹھونسا گیا ہے۔ عمارتوں اور کمروں کی صفائی بھی انتہائی ناقص ہے۔ (ارشد کریم منہاس )