اسلام آباد(جہانگیر منہاس) وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں برس حج سے متعلق فیصلہ 15 جون تک متوقع ہے ۔ اس حوالے سے سعودی حکومت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے اسلامی ممالک کیلئے مختص شدہ حج کوٹے میں ستر فیصد کمی کا امکان ہے تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ پندرہ جون کو ہو جائے گا۔ پاکستان سے پہلی حج فلائٹ کیلئے شیڈول 25 جون رکھا گیا تھا لیکن اب اس میں تبدیلی متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق حج سے متعلق حتمی پالیسی کے اجرا سے قبل سعودی عرب پاکستان سمیت بڑے مسلم ممالک سے مشاورت کرے گا۔ذرائع کے مطابق تمام ممالک سے صرف وفود کو حج کی دعوت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور حج کی سعادت صرف سعودی عرب میں رہنے والوں کو دینے کی تجویز پر بھی غور جاری ہے ۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ 30 جولائی کو حج متوقع ہے ۔