لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے ہمارامشن حجاج کرام کی بہتر سے بہتر خدمت کرنا ہے ، بزنس کمیونٹی حج کو کاروبار کی نظر سے کم اور عبادت کی نظر سے زیادہ دیکھے ، عبادت کے ساتھ ساتھ بزنس کے جزوی فائدے ہیں، حاجیوں کو جو بھی مشکلات آتی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، اس سال ٹرانسپورٹ ،بلڈنگ اور دیگر تمام اقدامات بہتر کئے جارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام حج سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا گزشتہ سال اقتصادی صورتحال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے حج سبسڈی پر ہمیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ،ہم نے تمام شرعی پہلوئوں کو دیکھ کر فیصلہ کیا،وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں حج اخراجات کو مزید کم رکھنا ہے ،اس کیلئے ہم نے سعودی ایئر لائنز ، سعودی وزارت حج سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کئے ہیں، حج کیلئے 5 لاکھ 40 ہزارروپے کی رقم کو مزید کم کر کے 4 لاکھ 65 ہزار سے 4 لاکھ 85 ہزارروپے تک لائے ہیں، انتہائی مشکل حالات میں یہ بہترین حج پیکج ہے ، پرائیویٹ حج پالیسی میں مزید شفافیت اور ٹرانسپرنسی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، کچھ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی طرف سے عدالتوں میں درخواستیں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ حج پالیسی تاخیر کا شکار ہوئی، بہت جلد پرائیویٹ حج پالیسی جاری کریں گے ، لاہور چیمبر کے لوگوں کو بھی مشاورت میں شامل کرینگے ، اقتصاد ی اعتبار سے کراچی کے بعد لاہورپاکستان کی شہ رگ ہے ، بلوچستان، خیبر پختونخوا سے بزنس کیلئے آنیوالوں کا لاہوریوں نے استقبال کیا، لاہور ریجن کا بڑا اقتصادی مرکز بن سکتا ہے ۔