اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)جمعیت علماء اسلام( ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے ہیں۔حکومت معذرت خواہانہ رویہ ترک کر ے اور عوام سے اصل حقائق چھپانے کے بجائے صحیح صورتحال بتائے ۔گزشتہ روز جمعیت کی مرکزی مجلس شوریٰ کااجلاس مولانافضل الرحمٰن کی زیرصدارت یہاں اسلام آبادمیں ہواجس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے انڈیا کے اقدام کو یو این او کی قراردادوں کی کھلی توہین اور اسے پوری دنیا کے لئے چیلنج قرار دیا گیا۔مرکزی مجلس شوریٰ نے اپنی قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اب کہاں ہیں؟ انہیں انڈیا کے ظالمانہ اقدام کیوں نظر نہیں آئے ؟مرکزی مجلس شوری ٰنے ایک بار پھر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلہ کا حل انڈیا کے حالیہ فیصلے میں نہیں ہے بلکہ اس مسئلے کا دیر پا اور مکمل حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کراتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے میں ہے ۔ مجلس شوریٰ نے واضح کیا کہ قوم ہر جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہے ، جے یو آئی کے کارکن ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لئے ہر قربانی دیں گے ۔