پشاور ( نیٹ نیوز) محض 5 سیکنڈ کی وائرل ویڈیو سے مشہور ہونے والی ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین نے کہا ہے کہ ان کے اہل خانہ نے ان کے لیے پہلے سے ہی حدود کا تعین کر رکھا ہے ، ویڈیو میں دنانیر کو ’یہ ہماری کار ہے ، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے ‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا تھا۔ ان کی مذکورہ ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور دیگر ممالک میں بھی ان کی ویڈیو کی پیروڈی ویڈیوز بنائی گئیں ، دنانیر نے بڑی بہن نفایل کے ساتھ ایک ٹی وی شو میں بتایا جب وہ ایبٹ آباد سے سیاحت کے بعد واپس اسلام آباد آ رہے تھے تو درمیان میں کہیں کھانے کے لیے رکنے کے وقت انہوں نے مذکورہ ویڈیو کافی دن قبل بنائی ، کئی دن بعد دوستوں نے انہیں ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا کہا۔مجھے اداکاری کا شوق نہیں ، تاہم وہ اپنی ذات تک محدود رہنے تک اداکاری کرتی ہیں، اگر انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی تو گھر سے اجازت لینے میں مشکل پیش آئے گی، گھر والوں نے پہلے سے ہی ان کی حدود کا تعین کر رکھا ہے ، اے لیول کا امتحان پاس کر رکھا ہے اور اب وہ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے جائیں گی اور اپنے والدین کی مرضی سے ہی شادی کریں گی، خاندان کا تعلق فوج سے ہے ، بڑی بہن نفایل سکالرشپ پر امریکہ میں پڑھتی ہیں، نفایل نے کہا دنانیر بہت ذہین ہیں، دنانیر نے بتایا وہ مستقبل میں سی ایس ایس امتحان پاس کرکے بیوروکریٹ بننا چاہتی ہیں، بالی وڈ اداکار رندیپ ہودا بھی 'پارٹی گرل' کی ویڈیو سے متاثر ہوئے ، اب اداکار شاہد کپور نے بھی اس ویڈیو کو ری میک شیئر کر دیا، شاہد کپور نے پیروڈی میں اکشے کپور اور یو یو ہنی سنگھ کے گانے کو بھی اس میں شامل کر دیا ، دپیکا پڈوکون نے بھی اب سوشل میڈیا پر اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے پاری 'ہو رہی ہے ' کی کاپی کی۔