نوڈیرو (نامہ نگار) حر جماعت کے نائب خلیفہ اور پیرپگارا سٹیٹ کے منیجر فقیرولی محمد منگنیجو نوابشاہ کے قریب باندھی کے مقام پر سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق فقیر ولی محمد منگنیجو بذریعہ کار کراچی سے پیرجو گوٹھ واپس آرہے تھے کہ نواب شاہ کے قریب باندھی کے مقام پر ان کی کار مزدا ٹرک سے ٹگراگئی۔حادثے کے نتیجے میں فقیرولی محمد منگنیجو اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے ۔ انہیں فوری طورپر باندھی ہسپتال لے جایا گیا جہاں فقیرولی محمد منگنیجو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے ۔ خلیفہ کی ناگہانی موت کی خبر سن کرنوڈیرو میں حرجماعت کے فقیروں اور پیرپگارا کے مریدوں میں غم کی لہر دوڑ گئی،سوگ میں شہر بند ہوگیا۔ مرحوم کو نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان پیرجو گوٹھ میں سپردخاک کردیا گیا۔