لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول میں خواتین کے کردار کو مضبوط بنانے کے حوالے سے شیخ زاید ہسپتال میں سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔اس سال یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے منانے اور صحت میں صنفی مساوات کو مزید فروغ دینے کیلئے شیخ زاید ہسپتال لاہور اور ویمن ان گلوبل ہیلتھ پاکستان چیپٹر کے زیر اہتمام یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول میں خواتین کے کردار کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈپٹی ڈین پروفیسر ڈاکٹر صبغہ ذوالفقار، پروفیسر ڈاکٹر عنبر ملک،پروفیسر ڈاکٹر محمد سہیل ڈائریکٹر شیخہ فاطمہ انسٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں رجسٹرار شیخ زاید میڈیکل کالج، پروفیسر نسرین احسان ،ڈاکٹر شکیلہ، ڈاکٹر علی رفیق مرزا، مسز طلعت اسلم چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر رومی عزیز، مسز فرح ناز سمیت ڈاکٹرز، نرسز، اور دیگر سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ عالمی اور قومی سطح پر خواتین صحت کے شعبہ میں افرادی قوت کے تقریبا 70 فیصد کی نمائندگی کرتی ہیں۔ خواتین نہ صرف آبادیوں میں صحت کی دیکھ بھال کرنے بلکہ صحت کی پالیسیوں میں تبدیلی، معاشروں میں صحت کو فروغ دینے ،اور ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی خدمات میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔