فیصل آباد(سٹی رپورٹر)حضرت ابو انیس محمد برکت علی رحمۃ اللہ علیہ کے کیمپ دارالاحسان سمندری روڈ کے فیوض و برکات سے زائرین جھولیاں بھرنے لگے ، کیمپ پہنچنے والے آنکھوں سے محروم ایک شہری کی بینائی بغیر آپریشن معجزاتی طور پر واپس آگئی، شہری کی نظر ایک ٹریفک حادثہ میں ضائع ہو گئی تھی۔ ضلع بہاولنگر کے علاقے کچھیاں والا کے رہائشی امانت علی ولد محمد اسماعیل کا کہنا ہے کہ بس حادثہ میں اس کی کمر کے جوڑ ہل گئے اور اس کی بینائی بھی ختم ہو گئی تھی ، کئی دن بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں داخل رہا لیکن بینائی ٹھیک نہیں ہوئی اور ڈاکٹروں نے جواب دے دیا جس پر اس کے بھائی حاجی اکرم نے کیمپ دارالاحسان ابو انیس محمد برکت علی رحمۃ اللہ علیہ آنے کا مشورہ دیا،اعتقاد نہ ہونے کے باوجود وہ کچھ لوگوں کے سہارے وہاں پہنچا جہاں سفر کی تھکاوٹ کے باعث اس کی آنکھ لگ گئی اور اس نے خواب میں ایک بزرگ کو دیکھا جو انہیں نماز کی ترغیب دے رہے ہیں لیکن شہری نے کہا کہ اسے تو نظر نہیں آتا اس لئے وہ وضو خانہ کیسے پہنچے اور نماز کیسے ادا کرے تو بزرگ کا کہنا تھا کہ آنکھیں کھولے ، وضو کرکے نماز ادا کرے ، اسے سب نظر آ جائے گا،اس کی دنیا اس وقت ایک بار پھر بدل گئی جب اس نے حقیقت میں آنکھیں کھولیں تو اسکی بینائی بحال ہوچکی تھی اور اسے سب نظر آ رہا تھا، اس کرامت پر شہری کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور اس نے یہ بات دربار میں موجود لوگوں کو بھی بتائی اور رب کریم کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا اورحضرت ابوانیس محمد برکت علی رحمۃ اللہ علیہ کا معتقد ہوگیا۔ واضح رہے کہ حضرت ابو انیس محمد برکت علی رحمۃ اللہ علیہ کے کیمپ دارالاحسان پر سالانہ سینکڑوں لوگوں کی آنکھوں کے آپریشن ہوتے ہیں اور ویسے بھی ہزاروں لوگ ابو انیس محمد برکت علی رحمۃ اللہ علیہ سے عقیدت رکھنے کے باعث یہاں آتے اور اپنی جائز مرادیں پاتے ہیں۔