ملتان ( خبرنگار ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا ، شیخ الاسلام حضرت غوث بہائالدین زکریا سہروردی ملتانی ؒ کے 779 ویں تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات گزشتہ روز سے درگاہ عالیہ قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو گئیں جس میں ہزاروں زائرین نے شرکت کی ۔ سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مزار کے غسل اور چادر پوشی سے تقریبات کا آغاز کیا۔ غسل کی تقریب میں ان کے چھوٹے بھائی مخدوم مرید حسین قریشی، پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین حسین قریشی،سید سعیدالحسن شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاں سالانہ زکریا کانفرنس کی پہلی نشست کا انعقاد کیا گیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی قوتیں پاکستان کے خلاف منصوبہ بندیوں میں مصروف عمل ہیں، ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچائیں۔ ہمیں مل کر اس ملک کو اندرونی انتشار اور بیرونی یلغار سے محفوظ کرنا ہو گا۔ ہمیں سنجیدگی سے ایسے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا۔سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ مزارات پر حاضری دینے والے صرف اپنا دامن جھاڑ کر نہ جائیں بلکہ کچھ سیکھ کر جائیں اور اچھائی کا راستہ اختیار کریں۔ علامہ حافظ فاروق خا ن سعیدی ، خواجہ راول معین کوریجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔