ملتان(خبر نگار) برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم سہروردی ملتانی کے 708 ویں 3 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات جمعہ کے روز سے ملتان میں شروع ہو گئیں۔عرس کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح گزشتہ روز سجادہ نشین درگاہ عالیہ اور وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل اور چادر پوشی سے کیا ۔ سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی کے بھائی مخدوم مرید حسین قریشی نے غسل اور چادر پوشی کی تقریب میں شرکت نہیں کی جبکہ ان کے بیٹے نے شرکت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مطابق مخدوم مرید حسین قریشی نے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی کے غسل اور چادر پوشی کر کے چلے جانے کے بعد مزار شریف پر پہنچے چادر چڑھائی اور دعا کی۔ بعد ازاں پاکستان زکریا اکیڈمی کے زیرِ اہتمام دربار کے احاطے میں قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔عرس کے دوسرے روز 11 دسمبر ہفتہ کو قومی کانفرنس کی دوسری نشست اور 12 دسمبر کو اختتامی تقریبات ہوں گی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب بھی کوئی واقعہ پاکستان میں پیش آتا ہے تو ایک مخصوص طبقہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتا ہے ، ہمیں سانحہ سیالکوٹ پر ملک کو بدنام کرنیوالوں سے ہوشیار رہنا ہوگا ۔ انہو ں نے کہا میں نے سیالکوٹ واقعہ پر سری لنکا کے وزیر خارجہ کو فون کر کے انہیں وزیر اعظم عمران خان کا پیغام دیا اور انہیں یقین دلایا کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی ۔ سربراہ اہلسنت والجماعت علامہ مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ میں علالت کے باوجود حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے آیا ہوں اور یہاں آنا میری عقیدت میں شامل ہے ۔ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی ترویج میں اولیا اللہ کا اہم کردار ہے ۔تقریب سے پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی‘علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی‘ مولانا غلام درویش اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔