بریلی(خصوصی رپورٹ) نبیرہ اعلیٰ حضرت تاج الشریعہ حضرت مفتی اختر رضا خان الازہری انتقال فرماگئے ہیں ،انا ﷲ و انا الیہ راجعون۔ مولانا اختر رضا خان الازہری صاحب بریلوی حلقے میں تاج الشریعہ کے نام سے موسوم اور مولانا احمد رضا خان بریلوی مرحوم کے حلقے کے سربراہ شمار ہوتے تھے ، ان کا انتقال بھارتی شہر بریلی میں ہوا۔ علامہ مفتی الحاج الشاہ محمد اختر رضا خاں الازہری قادری 25 ؍فروری 1942ء کو محلہ سوداگران بریلی شریف میں پیدا ہوئے ۔ ۳۶۹۱ء میں جامعہ ازہر قاہرہ مصر تشریف لے گئے ۔ وہاں آپ نے کلیہ اصول الدین میں داخلہ لیا۔ مسلسل تین سال تک جامعہ ازہر مصر کے فن تفسیر وحدیث کے ماہر اساتذہ سے اکتساب علم کیا، دوسرے سال کے سالنہ امتحان میں آپ نے شرکت کی اور پورے جامعہ ازہر قاہرہ میں امتحان میں اعلیٰ کامیابی حاصل کی۔ عربی میں بی۔اے کی سند فراغت نہایت نمایاں اور ممتاز حیثیت سے حاصل کی نہ صرف جامعہ ازہر میں بلکہ پورے مصر میں اول نمبروں سے پاس ہوئے ۔مفتی محمد اختر رضا ازہری کو 1967ء میں دارالعلوم منظر اسلام بریلی میں درس دینے کے لیے پیشکش کی گئی۔ آپ نے اس دعوت کو قبول کیا ۔ تاج الشریعہ کے برادر اکبر مولانا ریحان رضا رحمانی بریلوی نے 1978ء میں صدر المدرسین کے اعلیٰ عہدہ پر تقرر کیا۔ اور اس عہدے کے ساتھ رضوی دارالافتا کے صدر مفتی بھی رہے ۔ درس وتدریس کا سلسلہ مسلسل بارہ سال تک چلتا رہا۔