ملتان (خبرنگار ) برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ ملتانی کا تین روزہ 780 واں سالانہ عرس مبارع شروع ہو گیا ہے عرس مبارک کا کا باقاعدہ آغاز دربار عالیہ کے سجادہ نشین ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی دربار عالیہ کوغسل مبارک دے کر کیا اور چادر پوشی کے بعد دعا کرائی جبکہ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار،مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے بڑے بھائی مخدوم مرید حسین قریشی اور وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے خزانہ مخدوم زادہ زین قریشی، رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے ،جس کے بعد دربار عالیہ کے احاطہ میں زکریا ؒ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ امید زکریا کانفرنس میں سندھ سمیت ملک بھر سے آئے زائرین شرکت کی، اس موقع پر ملکی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں بھی مانگی گئیں ، عرس کے پہلے روز قومی کانفرنس کی پہلی نشست بھی منعقد کی گئی، جس میں علماء و مشائخ کی کثیر تعداد شریک ہوئی ،قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اولیاء کرام کے محبت کے درس کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،زائرین کسی دنیاوی عہدے کو دیکھ کر اولیاء اللہ کے آستانوں پر نہیں آتے ، زائرین بزرگان دین سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لئے آستانوں پر آتے ہیں ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔