اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعیدمیلادالنبی ﷺ کا شاندار جشن منایا جائے گا جس میں پوری قوم بھر پور شرکت کرے گی ، ربیع الاول وہ مبارک مہینہ ہے جس میں ہمارے نبی حضرت محمدﷺدنیا میں تشریف لائے ، یہ برکتوں کا مہینہ ہے ، یہ وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی ٰنے اپنے حبیبﷺ کو اس دنیا میں بھیجا تھا۔عیدمیلاد النبی ﷺکے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب حضرت محمدﷺ کو رحمت اللعالمین کا خصوصی خطاب دیا ، حضور نبی کریم ﷺ دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے لیڈر ہیں، لیڈر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہوتی ہے وہ لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے ۔میری خواہش ہے عید میلاد النبیﷺ میں سب لوگ بھرپور طریقے سے شرکت کریں، رواں سال ربیع الاول کے مہینے میں ہمیں ایسا جشن منانا چاہئے جو ہماری قومی تاریخ کا سب سے شاندار جشن ہو تاکہ واضح ہوپاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے عیدمیلاد النبی ﷺکاایسا جشن نہیں منایا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں عوام، میڈیا ، اقلیتوں سمیت پوری قوم کوعید میلاد النبی میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ دنیا دیکھے گی پاکستان کی تاریخ میں اسے سے قبل اس طرح کا عید میلاد النبی ﷺکا جشن پہلے کبھی نہیں منایا گیا۔