پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں سے 48 ڈاکٹروں نے کورونا وائرس کے حفاظتی سامان کی عدم دستیابی پر استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ خود محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ڈاکٹروں‘ نرسوں اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ ہے تو اس صورتحال میں ڈاکٹر استعفے نہ دیں توکیا کریں۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر لمحہ کورونا کے مریضوں میں گھرے رہنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان مہیا کرے۔ اگر موجودہ صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو یہ نہ صرف کورونا کے مریضوں کے لیے خطرناک ہو گی بلکہ اس سے ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ میں بھی بددلی پھیلے گی جس سے صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی صحت یابی کی شرح بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹروں میں حفاظتی سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے پائی جانے والی بے چینی کی صورتحال پر قابو پایا جائے اور پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور تمام متعلقہ طبی عملے کو ہر طرح کا حفاظتی سازوسامان اور کٹس مہیا کی جائیں تاکہ طبی عملہ اپنے فرائض خوش دلی سے انجام دے۔ موجودہ ناگزیر حالات کا تقاضا ہے کہ فوری طور پر حفاظتی سامان خرید کر ہسپتالوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے ڈاکٹروں کو فراہم کیا جائے تاکہ ڈاکٹرز کورونا کے مریضوں پر بھرپورتوجہ دے سکیں۔