اسلام آباد(خبر نگار)ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن ( وائی ڈی اے )نے کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔ینگ داکٹر ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر فضل ربی نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کے نام ایک خط میں ڈاکٹروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی کٹس کی عدم موجودگی کے باعث ڈاکٹرز عدم تحفظ کا شکار ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حفاظتی کٹس کا بحران ہے اس وجہ سے اب تک پاکستان میں 104 ڈاکٹرز اور درجنوں پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہیں، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن دو نوجوان ڈاکٹر وں اسامہ ریاض اور ڈاکٹر عبدالقادر کو کھوچکی ہے ،ہسپتالوں کو عالمی ادارہ صحت کے تجویز کردہ این 95 ماسکس کی جگہ غیر معیاری ماسکس کی فراہمی جاری ہے ، کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹرز اور اُن کے خاندانوں کی انشورنس کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ ادھراسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار نے سپریم کورٹ میں کورونا از خود نوٹس کیس میں فریق بننے کیلئے درخواست دائر کر دی ۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ کورٹس اور اسپیشل کورٹس کے تقریباً سو ججز کام کر رہے ہیں،عدالتی عملے اور دیگر اسٹاف کی تعداد کئی سو تک پہنچ جاتی ہے ، پانچ ہزار وکلا اور سینکڑوں شہری روزانہ عدالتوں میں آتے ہیں، اس لئے عدالتوں میں آنے والوں کی سکریننگ کا موثر نظام قائم کرنا اشد ضروری ہے ۔