اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم کی معاشی ٹیم کا مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات پر غورکیاگیا۔اجلاس میں سپیشل اکنامک زونز، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو آپریشنل کرنے ،ترقیاتی فنڈز کے اجرا اور استعمال آسان بنانے ،صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ایگری کلچر ایمرجنسی پروگرام موثر اندازسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعظم زرعی منصبوبوں کے نفاذ اور پیش رفت کی خود نگرانی کرینگے ۔اجلاس میں احساس پروگرام کے مختلف پہلوئوں پر پیش رفت پر بھی بحث کی گئی اورموجودہ مالی سال میں جاری میگا منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر خسرو بختیار، حماد اظہر، عبد الرزاق دائود،چیئرمین ایف بی آر ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری فنانس نے شرکت کی۔