پشاور(92نیوز،این این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تاخیر کی تحقیقات کاحکم دیدیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ تحریک انصاف ’تختی‘ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اس وجہ سے منصوبے کا افتتاح اس وقت ہی کیا جائے گا جب راہداریاں(جہاں سے بس نکلے گی) استعمال کے قابل ہوں گی۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو خبردار کیا تھا کہ اگر بس منصوبے کا افتتاح 23 مارچ کو نہ ہوسکا تو وہ انہیں عہدے سے برطرف کردیں گے ۔اس سے قبل حکومت کی جانب سے مسلسل اعلانات کیے جارہے تھے کہ بس منصوبے کا افتتاح 23 مارچ کو کیا جائیگا۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے نامکمل بس منصوبے کا افتتاح نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مشاورت کرنے کے بعد کیا۔یاد رہے کہ مذکورہ منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2017 میں ہوا تھا اور اسی وقت صوبائی حکومت اور منصوبہ تعمیر کرنے والی کمپنی پی ڈی اے نے عوام کو 6 ماہ میں منصوبہ مکمل کر کے 20 اپریل کو افتتاح ہوجانے کے سہانے خواب دکھائے تھے ۔دریں اثناوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی امیروں کے لئے نہیں بلکہ خالصتاً غریب عوام کی سہولت اور فلاح کے لئے شروع کیا گیا ہے ۔ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات معلوم کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ آئے روز نئی تاریخیں لینے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے ۔