لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ذیلی ادارہ الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں شہرہ آفاق آرٹسٹوں سلیمہ ہاشمی، میاں اعجاز الحسن، اینامولکا احمد،کولن ڈیوڈ،معین نجمی،غلام رسول، محمود بٹ اور احمد شہبازکے بحال شدہ نو فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔نمائش کی افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن بورڈ آف گورنز لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی ، سلیمہ ہاشمی، میاں اعجاز الحسن ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان، جاوید اقبال اور ڈائریکٹر الحمرا ذوالفقار علی زلفی نے شرکت کی۔ منیزہ ہاشمی نے کہا کہ الحمراء آرٹ میوزیم ایک اثاثہ ہے ،آرٹ کا فروغ ہماری ذمہ داری ہے ۔ الحمراء آرٹ میوزیم میں رکھے گئے فن پارے انسانی سوچ کو وسعت عطا کرتے ہیں، الحمراء آرٹ میوزیم آرٹ سے محبت کرنے والوں کیلئے ایک خوبصورت جگہ ہے ،اعلی فن پارے تخلیقی مکالمے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔اطہر علی خان نے کہا کہ 9نایاب فن پاروں کو ان کی اصل شکل میں بحال کرنے پر بڑی محنت کی گئی ہے ،الحمراء آرٹ میوزیم نئی نسل کے مصوروں کے لئے مثالی درس گاہ کی حیثیت رکھتاہے ۔ سیان انجینئرنگ یونیورسٹی چین کے طلبہ و طالبات کے وفد کی سربراہ ٹیان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا ثقافتی حسن قابل ستائش ہے ، الحمرا عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان ہے ۔