لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بلٹ پروف گاڑی میں پیش کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا،عدالت نے حکم دیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظت کے لیے مزید بہتر انتظامات کیے جائیں جبکہ آئی جی، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر افسران بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کے انتظامات کریں۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی اور دیگر کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے کیس پر سماعت ملتوی کرکے شریک ملزمان کی بریت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ ستائیس نومبر تک موخر کر دیا گیا۔احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ ستائیس نومبر تک موخر کردیا۔احتساب عدالت لاہور نے ڈی سی آفس میں جعلی اسلحہ لائسنس کیس کی سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی، پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن کیس میں ملوث سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انورسمیت دیگر تین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 دسمبر تک توسیع کر کے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کرلی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے عبدالغنی مجید اور دیگر ملزمان کیخلاف پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں آئندہ سماعت چھبیس نومبر کو تمام وکلا کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔