کراچی (این این آئی) دفاعی ماہرین نے کہا ہے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے فنڈڈ دہشت گردوں کے طریقوں سے مماثلت رکھتا ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے کہا دہشت گروں کے گروپ کو نئے سرے سے منظم کیا جارہا ہے اور بھارت پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ کلبھوشن سے حاصل ہونے والی تفصیلات میں بھی کراچی اور بلوچستان پر فوکس تھا۔لیفٹیننٹ جنرل(ر) نعیم لودھی نے بتایا ایسا حملہ ناکام بنانا آسان نہیں اور اس میں کامیابی کے بعد سکیورٹی اداروں پر اعتماد بڑھ گیا ، جب تک اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیں گے ، حملے ہوتے رہیں گے ، جب تک دفاعی انداز میں رہیں گے تو دفاع ہی کرتے رہیں گے ۔بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ بھارت کو پیغام مل گیا کہ ہم آپ کیلئے تیار ہیں۔ آج کی کارروائی سے بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی ایجنسی این ڈی ایس کو واضح پیغام چلا گیا ۔ شرپسند دوبارہ سراٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور پوری قوم دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے تیار ہے ۔