لاہور ،صوابی ( سٹاف رپورٹر ،ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نمائندہ 92نیوز )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار نئے سال سے پہلے حکومت کو گھر بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک مہرہ اور وہ ہمارا ہدف نہیں ،حکومت کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، یہ جنوری سے پہلے چلی جائے گی۔لاہور میں دھرنے پر بیٹھے بلوچ طلبا سے اظہار یکجہتی کیلئے وہ چیئرنگ کراس گئیں ،ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کراچی میں کیپٹن (ر )صفدر کی گرفتاری کو وفاقی حکومت پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ عمران کی اپنی ہی جعلی حکومت پر حملہ ہے ، عمران خان تو ڈمی ہیں، تین دن سے وہ ڈمی بھی غائب ہے ، کراچی واقعے کا نوٹس حکومت اور عدلیہ کو لینا چاہیے کسی اور کو نہیں ، ڈی جی خان، راجن پور، فاٹا اور بلوچستان کے بچے سڑکوں پر رل رہے ہیں، ان کی 600 سیٹیں واپس لے لی گئی ہیں، طالب علموں کا کوٹہ بحال کرنا چاہیے ، میں کل کوئٹہ جا رہی ہوں وہاں بھی طلبا کا مسئلہ اٹھاؤں گی، نواز شریف کے بغیر پاکستان اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب لاوارث ہو گیا ، کراچی واقعہ پر مجھے بلایا گیا تو گواہی دینے ضرور جاؤں گی ۔ 13دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے تناظر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ ہم نے مل کرلاہور کے جلسے کو کامیاب کرواناہے ، مریم نوازنے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس کے تفصیلی فیصلے پراپنے ردعمل میں کہاہے کہ آج کے فیصلے نے ایک صاحب کردار جج پر حملہ، عدلیہ کی آزادی پر گھناؤنے وار کو روکا ہے ،اپنی ٹویٹس میں مریم نے کہا آگے بڑھیئے اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی انصاف دیجیئے جبکہ آج دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گی ۔ میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن صفد رنے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے وزیراعظم نہیں وہ صرف پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں ۔( ن ) لیگ پنجاب کے صدر راناثناء اﷲ نے کہا کہ صاف ،شفاف الیکشن،ووٹ کوعزت اورعوامی فیصلے تسلیم کرنے کے سوا دوسراکوئی آپشن نہیں۔ صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، انجینئر امیر مقام ، مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ بد ترین مہنگائی ، بے روزگاری اور عوام کے بنیادی مسائل کا واحد حل ملک میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات ہیں، کسی سے جھگڑا نہیں ، عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے ۔شاہد خاقان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور نواز شریف چاہتے ہیں کہ اس ملک کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار کسی کے پاس نہیں بلکہ اس فیصلے کا حق صرف اور صرف پاکستان کے عوا م کے پاس ہے ،عوام کے مرضی کے برعکس فیصلوں سے آج پاکستان تر قی نہیں کر سکتا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ترقی اور معیشت رکی ہوئی ہے غربت بڑھ رہی ہے مہنگائی بے قابو ہے ، وزیر اعظم عمران سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کون چور ہے ۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کے پاس جھوٹ اور یوٹرن کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ۔