لاہور،پشاور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے جاگیرداروں ، شوگرملز مالکان کو اربوں کی سبسڈی دی ، چند ماہ میں عوا م سے چینی کی مد میں 85 ارب روپے ناجائز منافع کمایا گیا جس میں سے 76 ارب روپے سے زائد قومی خزانے کے بجائے شوگر ٹائیگرز کی جیبوں میں گئے ہیں،انصاف کا تقاضا ہے کہ ان سرمایہ داروں ، جاگیرداروں سے سبسڈی واپس لے کرغریب عوام کو دوائیوں ، سستا علاج اور کھانے پینے کی اشیائمیں سبسڈی دے دیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس سروسز ہسپتال پشاور کے دورے اور الخدمت ہسپتال نشترآباد میں کورونا سپیشل کیئر یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی امداد کا انتظار نہ کرے اور 12 سو ارب روپے کا جو اعلان کیاہے وہ فوری طور پر عوام میں تقسیم کرے ،موجودہ صورت حال میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز ، پولیس جوان ، الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں اور میڈیا کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، پوری دنیا کورونا وبا سے پریشان ہے اس کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے ۔