لاہور(سٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ بھارت جیسا مکار دشمن اژدھے کی صورت میں سرحدوں پرموجود ہے ،فوج کو مضبوط بنانا پاکستان کی ضرورت ہے ۔دشمن سے مقابلہ کیلئے قوم اور فوج کو ایک پیج پر ہونا چاہئے ،عوام کو اپنی ا فواج سے محبت ہے ، اسٹیبلشمنٹ اپنا نیوٹرل رول بحال کرے ۔گزشتہ روزمنصورہ میں مجلس عاملہ کے دوروزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو کسی ایک پارٹی کیساتھ نتھی ہونے کے بجائے اپنی غیر جانبداری کے تاثر کو بہتر بنانے کیلئے سوچنا ہوگا۔ حکومت یرغمال ، اصل حکمرانی مافیا زکی ہے ،حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی جبکہ عمران خان سمیت ہر حکمران سمجھتا ہے کہ ان کا متبادل نہیں۔جماعت اسلامی مہنگائی ،بے روزگاری کے خاتمے اور عوام کے حقوق کیلئے تحریک چلائے گی اور ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔ اگر آج فیصلوں پر ندامت کا ٹیسٹ ہوتا تو بائیس کروڑ عوام کا رزلٹ مثبت آسکتا ہے ۔ پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے عوام اور ینگ ڈاکٹرزاپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں۔ مضبوط جمہوریت پاکستان کے استحکام کیلئے ضروری ہے ، قوم کے فیصلوں کو قبول کرنا چاہئے ،اگرکہیں غلطی ہو جائے تو الیکشن میں درست کر لیں گے ۔اب مناسب نہیں کہ حکومت پینتالیس محکموں میں سے پچیس اداروں کو پرائیویٹائزیشن کی طرف جائینگے ۔پی آئی اے ، سٹیل ملز اور ریلوے کے اثاثہ جات پر قبضہ کرنے کیلئے غیر ملکی ایجنٹس کی نظریں ان اداروں کی پراپرٹی پر ہے ۔کہیں غبن یا کرپشن ہے تو ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے سٹیل ملز ،ریلوے یا پی آئی اے کی تباہی کے ذمہ داروں کو پکڑا جائے ۔ چھوٹے چور وں کوپکڑتے اور بڑوں کو چھوڑ دیتے ہیں ۔لاکھوں کی تعداد میں اورسیز پاکستانیوں کے لئے حکومت نے کچھ نہیں سوچا ۔قرنطینہ سنٹروں میں اوورسیز پاکستانیوں کودونوں ہاتھوں سے لوٹاگیا۔مقبوضہ کشمیر جل رہاہے ، اسی لاکھ لوگ قید خانے میں ہیں ،ڈبل لاک ڈاؤن ہے ،اٹھارہ ہزار کشمیری جیلوں میں ہیں۔اگرعالمی ضمیر زندہ ہوتا تو نانا کی لاش پر بیٹھے بچے کی تصویر کافی ہے ۔کشمیر تقریروں سے نہیں اقدامات سے آزاد ہوگا ۔ اسلام آباد میں پانچ مندر پہلے ہی موجود ہیں انکی بحالی کے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد خان ،رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی ،کے پی کے اسمبلی کے رکن عنایت اللہ خان ،سند ھ اسمبلی کے رکن سید عبد الرشید اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجودتھے ۔