لاہور،پشاور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے امریکہ طالبان کے درمیان مجوزہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے افغانستان سے واپسی کا جواعلان کیا ہے اللہ کرے کہ وہ اس پر قائم رہے ۔ افغانستان اور ایران میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے باوجود حکومت سوئی رہی اور اس کے سدباب کیلئے کوئی موثر حکمت عملی نہیں بنائی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں ارکان جماعت اسلامی کے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خطے میں امریکی موجود گی نے دہشت گردی سمیت بہت سے مسائل کوجنم دیا ہے ۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک اور دستانے وغیرہ عوام کو سرکاری سطح پرفراہمی کا انتظام کرے ۔