کرمانوالہ(نامہ نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جب پنجاب میں قدم رکھیں گے ۔مخالفین دیکھ لیں گے پنجاب کل بھی بھٹو کا تھا اور آج بھی بھٹو کا ہے ۔جو بھٹو کے خون کا وفادار نہیں عوام کے اعتماد کا حق دار نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے ضلع اوکاڑہ کے صدر چوہدری سجادالحسن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد،سینئر رہنما چوہدری سردار آصف جٹ و دیگر کارکنان بھی موجود تھے ، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو کے جلسہ میں عوام کا سمندر دیکھ کر حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو گئیں ہیں۔ حکمرانوں نے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ کر کے عوام پر ایک بڑا ظلم کیا ہے کرپٹ حکمران نہیں چاہتے کہ غریب عوام خوشی سے اپنی زندگی جی سکیں ۔ حکمران عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی مظلوم اور غریب طبقہ کی آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی لاہورآمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنان بھرپور استقبال کریں گے ۔ اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔