لاہور (خبرنگارخصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکمران مخالفین کی صحت سے کھیل رہے ہیں، آصف علی زرداری کو بغیر سزا کے جیل میں رکھنا مصحکہ خیز ، علاج انکا حق ہے ، ہم اس کیلئے کسی جگہ پر درخواست نہیں دیں گے ۔ پارٹی سیکرٹریٹ میں سید حسن مرتضی ،ملک عثمان ،سید علی حیدر گیلانی اور دیگر رہنمائوں کے ہمرا ہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت بھی شدید خراب ہے ، انہیں باہر علاج کیلئے جانا چاہیے لیکن حکومت مخمصے کا شکار ہے ۔ ایک طرف وزیراعظم کہتے ہیں کسی کو این آر او نہیں دونگا لیکن وزراء بیان دے رہے ہیں کہ نوازشریف ڈیل کے تحت باہر جارہے ہیں۔ اگر ڈیل پر جارہے ہیں تو کون ڈیل دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علی موسیٰ گیلانی کیخلاف ایف آئی آر درج کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔دریں اثنااین این آئی کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے لئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہیں بٹھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش سے کام لے ، ایسا نہ ہوحکومت انتقام کی آگ میں خود ہی جل جائے ۔