حیدرآباد(بیورورپورٹ)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کسی چوردروازے سے نہیں آئی، دھرنا ناکام رہے گا،عوام نے وزیراعظم عمران خان کو 5 سال کیلئے منتخب کیا۔وہ کیڈٹ کالج پٹاروجامشورو میں پاکستان کے مختلف سکول،کالجوں کے درمیان اردو اورانگلش زبانوں میں تقریری مقابلے کی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ، انہوں نے کہا پرامن احتجاج ہرکسی کا جمہوری حق ہے مگراسکی آڑمیں کسی کو بھی انتشارپھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اپنے اعلانات پرنظرثانی کرنا چاہئے کیونکہ ملک دشمن عناصرملک کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں مگروہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو میں تقریری مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ خوشی ہے کہ ملک میں ایسے ادارے موجود ہیں جہاں نہ صرف نصابی بلکہ غیرنصابی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی بہترتربیت کے ساتھ ساتھ انکی صلاحیتوں میں اضافے کا بہترین موقع فراہم کیا جاتا ہے ۔یہاں سے فارغ التحصیل نوجوان پاک فوج،صحت، تعلیم،اقتصادیات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردارادا کررہے ہیں۔طالبعلموں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل وقت آپ کیلئے سبق ہوتا ہے اورشکست سے ڈرنا نہیں بلکہ ثابت قدم رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنی چاہیئے ،جو لوگ صبر اور محنت کرتے ہیں اللہ تعالیٰ بھی انکا ساتھ دیتا ہے ،اس موقع پرگورنرنے تقرری مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو شیلڈزدیں۔