کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے کے لئے حکومت کم از کم 20 سال کے لئے کوئٹہ کو ٹیکس فری زون قرار دے اور صنعت کاروں کے لئے مراعات کا اعلان کرے ، کوئٹہ میں کارخانے اور فیکٹریاں لگنے سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا، رونے دھونے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، ملک نازک دور سے گز ر رہاہے حکومت کو ضد چھوڑکر قومی قیادت کو اعتماد میں لینا ہوگا، بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہاہے ، وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ وہ تنہا کافی ہیں، قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، قومی وحدت نہ ہو تو ایٹم بم کسی ملک کی حفاظت نہیں کرتے ، قومی یکجہتی اور اتحاد کی فضا قائم کرنا وزیراعظم کی ذمے داری ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں مشوانی قومی قبائلی جرگے سے خطاب میں کیا،۔ سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مشکل اور آزمائش سے دوچار اور عوام پریشان ہیں، 15لاکھ بھارتی فوج کشمیر میں موجود ہے ، بھارتی وزیر خارجہ اور آرمی چیف آئے روز پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، بھارت کا مقصد صرف سری نگر نہیں بلکہ وہ مظفر آباد اور اسلام آباد تک پہنچنا چاہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی محرومیوں کا اصل ذمے دار حکمران ٹولہ ہے ۔ قبل ازیں سینیٹر سراج الحق کا کوئٹہ ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، انہیں گاڑیوں اور سیکڑوں موٹر سائیکلوں کے جلوس میں شہر تک لایا گیا۔