لاہو ر (خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے توقع ظاہر کی ہے کہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان ٹیکس سے متعلق معاملات افہام و تفہیم سے سلجھ جائیں گے ، تاجر برادری انجن آف گروتھ ہے ، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اسے پرسکون اور موزوں کاروباری ماحول مہیا کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کی خواہشمند ہے ، تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے تجاویز دی ہیں جن پر عمل درآمد کرکے تاجروں اور حکومت دونوں ہی کو فائد ہ ہوگا، کاروبارنشوونما پائیں گے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام میں تاجر برادری کی خواہشات کے مطابق اصلاحات کرے ۔