لاہور( پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں موجود سارے سیاسی بیروزگار کرپشن کا کاروبار بندہونے کی وجہ سے بیزار ہیں ، تعصب کی عینک اتارکر عالمی اداروں او رمرکزی بینک کی جانب سے پاکستان کے بارے میں جاری کی گئی مثبت رپورٹس کا جائزہ لیں ،بلاول بھٹو تنقید کرنے سے پہلے بتائیں سندھ میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تمام ادارے ملک او رعوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک پیج پر ہیں او رپاکستان کا برا چاہنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ نواز شریف کوخالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے لیکن ن لیگ والے نہ جانے کس خوشی میں بغلیں بجارہے ہیں ۔ نواز شریف کے تمام کیسز اپنی جگہ پر قائم ہیں اور انہیں اس کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا لہجہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان استعمال کر رہے ہیں وزیر اعظم نے انہیں اس کا سیاسی انداز میں جواب دیا ہے ۔ حکومت نے سابقہ حکمرانوں کے خزانے میں نقب لگانے کے سارے راستے بند کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن ہمیں ان کی کوئی پرواہ نہیں ۔