لاہور(نمائندہ خصوصی سے )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت بے حسی اور غریب دشمنی میں ساری حدیں پھلانگ چکی ہے ،گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کا اعلان کر کے عوام کے اوسان خطا کردئیے گئے ہیں ۔ ایک بجٹ ابھی پاس نہیں ہوا کہ حکومت نے ضمنی بجٹ دے دیا ۔ جماعت اسلامی غریبوں کے لیے زندہ رہنے کا حق مانگنے کی تحریک چلا رہی ہے ۔ 30 جون کو کراچی کا عوامی مارچ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا ۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گیس ، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں بار باراضافے نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی نے محنت کشوں ، مزدوروں ملازمین اور سفید پوش طبقہ کے لیے دو وقت کی باعزت روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت لٹیروں سے لوٹی گئی دولت نکلوانے اور بیرون ملک پڑے ہوئے 375 ارب ڈالر واپس لانے کی بجائے غریبوں کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کی پیاس بجھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کے پاس کرپشن کے 150 میگاسکینڈلز کی فائلیں پڑی منہ چڑا رہی ہیں ، ان کو کب کھولا جائے گا ۔