لاہور(پ ر) محکمہ کھیل، ٹورازم، یوتھ افیئرز و آثار قدیمہ پنجاب نے خصوصی بچوں کیلئے لاہور کی تاریخی عمارتو ں کی سیر کرانے کے لیے شاداب انسٹیٹیوٹ کے خصوصی بچوں کے پہلے گروپ کے ساتھ لاہور لاہور اے کی بسوں کے ذریعے انتظام کیا۔ مشیر وزیراعلیٰ وزارت ٹورازم آصف محمود، سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب جاوید اقبال، سیکرٹری کھیل ٹورازم یوتھ افیئرز اور آثار قدیمہ احسان بھٹہ اور سپیشل ایجوکیشن اکیڈمک پنجاب شہزاد ہارون بھٹہ و دیگر نے خصوصی بچوں کے ساتھ سفر کیا اور ان کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔سفر کے دوران خصوصی بچوں نے خوب ہلہ گلا کیا اور ملی گیت پیش کئے ۔ خصوصی طلبہ کو شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان کی سیر کروائی۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ آصف محمود نے کہا کہ حکومت سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن ، محکمہ ٹورازم، سیٹورس کا شکریہ ادا کیا جن کے باہمی اشتراک سے خصوصی بچوں کے لئے زبردست تفریحی پروگرام ترتیب دیا گیا۔