فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون راناثناء اﷲ نے کہاہے ملک کودرست سمت پرچلانے میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان خوداوراُن کاٹولہ ہے جو صلاحیت سے محرو م اور بیکارہے ۔شیخ رشید فکرنہ کریں اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومتی نجات پرمتفق ہیں۔اے پی سی جلدہوگی اورمضبوط فیصلے بھی اتفاق رائے سے ہوں گے ۔حکومت اُوپرسے جائے یانیچے سے اب زیادہ چلتی دکھائی نہیں دے رہی۔صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے راناثناء اﷲ نے کہا عمران خان بتائیں2سال سے حکومتی کارکرردگی میں کون رکاوٹ ہے ؟اُن سے این آراوکس نے لیااوروہ این آراو دے سکتے ہیں؟وہ آج نہیں کنٹینرسے ایوان اقتدارتک2سال سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ آٹاچینی سکینڈل سمیت ایک درجن سے زائد ریفرنسز میں وہ خود این آراوچاہتے ہیں۔نیب کے پاس شاید علم غیب ہے جوصرف اپوزیشن کے عیب نکال رہاہے ۔آئین کی حکمرانی،جمہوریت اور ملکی استحکام کیلئے ہم تعاون کرنے کو تیار ہیں مگرعمران خان سے کسی قسم کاتعاون نہیں کرسکتے ۔