لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت سابق حکمرانوں سے کیسے پیسے وصول کریگی؟، یہ حکومت لوگو ں کی توجہ اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کیلئے مختلف ایشوزمیں الجھائے رکھتی ہے ،یہ بھی کہا کہ 200 ارب ڈالر واپس لائیں گے کچھ نہیں ہوا ۔ چینل92نیوزکے پروگرام’’نائٹ ایڈیشن ‘‘ میں میزبان شازیہ اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے کوئی بچت نہیں کی ، انکی شاہ خرچیاں جاری ہیں۔ عمران خان ملک کے وزیراعظم ہیں، یہ کیا بات کہ خرچہ ایک دوست نے ا ٹھایا۔ اگر ملک میں مافیا ہے تو کس نے پکڑناہے ؟۔ اگر پی ٹی آئی ڈیلیورکرتی تو اندرگروپ نہ بنتے ،ہم سے انکے کئی ارکان کا رابطہ ہے جوآئندہ الیکشن ن لیگ کے پلیٹ فارم سے لڑنا چاہتے ہیں ، چیزیں دو تین ماہ میں میچور ہو جائینگی، ن لیگی اپنی پارٹی میں ہی رہینگے ۔ شہبازشریف کا فرور ی میں واپسی کا پروگرام ہے ،نوازشریف صحت ٹھیک ہونے پر آجائینگے ۔ حکومت ہرکام ہمارے اوپر ڈال دیتی، خواجہ سعد رفیق نے ریلوے میں بہت کام کیا ،شیخ رشیدکے دور میں 122 ٹرین حادثات ہوئے ۔ ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا کہ افغانستان میں گرنے والا طیارہ امریکی فوجی طیارہ تھا ، امریکہ نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ اسے گرایا گیا ہے ۔امریکی طیارہ اگرواقعی یہ طالبان نے گرایا تو پھرمذاکرات کو بہت دھچکا لگے گا، امن عمل نہیں چلے گا۔سماجی کارکن فرزانہ باری نے کہا کہ بچے کی پیدائش پر والدہ اور والد کو چھٹی دینے کا سینٹ میں پاس ہونیالا بل اچھی پیشرفت ہے ،میں نہیں سمجھتی کہ کام کا حرج ہوگا ۔ امیدہے یہ بل قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے بھی پاس ہوجائیگا۔نمائندہ کراچی وحید راجپرنے بتایاکہ حکومت کراچی میں ساحل سمندرپر سمگلنگ روکنے کیلئے متحرک ہوگئی ہے ، غیر قانونی جیٹز کیخلاف اقداما ت سے اربوں کا فائدہ ہوگا ۔ سندھ حکومت نے سمگلنگ روکنے کیلئے 2 ہزارکشتیوں میں وی ایم ایس سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کو قوانین میں ترمیم کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔