لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے بہتری کی توقع خام خیالی ہے ،سونامی اب ناکامی ، بدنامی کے بعد بے رحمی کا نشان بن چکا ،گزشتہ برس مافیاز نے خوب مال کمایا اب بھی ان کا راج ہے ،وزیر اعظم نے حکومت کا آغاز ہی اپنے نظریہ کی نفی اور یوٹرن سے کیا، عوام اب ان کے وعدوں اور دعووں پر ایک لمحے کیلئے بھی اعتماد کرنے کو تیار نہیں، کیا مختلف سیاسی پارٹیوں اور ڈکٹیٹر کی ٹیم سے مستعار لئے گئے وزراء سے بہتری کی امید کی جاسکتی ہے ؟ حکومت اسی دن ناکام ہو گئی تھی جس روز گھاٹ گھاٹ کا پانی پینے والے اس میں وزیر اور مشیر بن گئے ۔ بھارتی اینکر کی واٹس ایپ لیک سے بھارت کا شرمناک چہرہ ایک دفعہ پھر پوری دنیا کے سامنے آگیا، عالمی برادری پلوامہ ڈرامہ کا نوٹس لے ، پاکستانی حکمران نئی دہلی کے خلاف مدافعانہ حکمت عملی تبدیل کرکے مودی کو اسی کی زبان میں جواب دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ملتان سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی پارٹیوں کے سابقہ امیدواران سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر رانا ساجد اسماعیل ، رائے سلیم کھرل ، آصف علی راجپوت نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس کاسراج الحق نے خیر مقدم کرتے کہاکہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری ، نظریاتی اور پروگریسو جماعت ہے جس کے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں ، ملک کیلئے جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب حکمرانوں کو مزید ڈھیل نہیں دیں گے ۔