اسلام آباد،ملتان،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر، این این آئی)وفاقی حکومت اور تاجروں کے درمیان گیارہ نکاتی معاہدہ ہوگیا،مذاکرات کی کامیابی کے بعد تاجروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا، خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط 31 جنوری 2020ء تک مؤخر کر دی گئی۔حکومت اور تاجروں کے مابین طے پانے والے گیارہ نکاتی معاہدے کے مطابق سالانہ 10 کروڑ تک ٹرن اوور والا تاجر 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس کی بجائے 0.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس دے گا، 10 کروڑ کی ٹرن اوور والا تاجر ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنے گا۔ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے سالانہ بجلی کے بل کی حد 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کر دی گئی ۔معاہدہ کے باقی نکات کے مطابق کم منافع رکھنے والے شعبے کے ٹرن اوور ٹیکس کا تعین ازسر نو کیا جائے گا جو تاجروں کی کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا۔جیولرز ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر جیولرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔آڑھتیوں پر تجدید لائسنس فیس پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔تاجروں کے مسائل کے فوری حل کے لیے ایف بی آر اسلام آباد میں خصوصی ڈیسک قائم کی جائے گی جس میں 20/21 گریڈ کا افسر تعینات ہوگا اور ماہانہ بنیادوں پر تاجروں کے نمائندوں سے ملاقات ہوگی۔نئے تاجروں کی کمیٹیاں نئے رجسٹریشن کے سلسلے میں بھرپور تعاون کریں گی۔ایک ہزار مربع فٹ کی کوئی بھی دکان سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن سے مستثنیٰ ہوگی اور اس کا فیصلہ تاجروں کی کمیٹی سے مشاورت سے ہوگا۔ہول سیل اور ریٹیلرز دونوں کا کاروبار کرنے والوں کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کا فیصلہ تاجروں کی کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا۔ حکومتی کمیٹی اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہاوزیراعظم عمران خان کی ہر پالیسی کا محور پاکستان کے عوام اور ان کی فلاح و بہبود ہے ، حکومت معیشت کو مستحکم اور بڑھوتری دینا چاہتی ہے ، تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،تاجر برادری کا بھی وہی مقصد ہے جو حکومت کا ہے ،تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا، حکومت اور تاجر برادری کا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ جو تاجر ٹیکس دینے کے اہل ہیں اور نہیں دے رہے انہیں شفاف طریقہ سے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، حکومت بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرے گی، ہم ایسا ماحول بنائیں گے کہ جس سے کاروبار اور معیشت فروغ پائے ،بیشتر معاملات پر اتفاق ہوگیا،دیگر معاملات پر بھی جلدہو جائیگا، ہم اپنے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا چاہتے ہیں،چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں۔ چیئرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی نے کہا تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہیں اور اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے معاہدے کو اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کہاالحمدللہ تاجروں کے ساتھ ٹیکس سے متعلق امورپراہم پیش رفت ہوئی ۔صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا آئندہ بھی تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے ،حکو مت اور تاجروں کے درمیان معاملات کا خو ش اسلوبی سے طے پانا خوش آئند ہے ، حفیظ شیخ،شبر زیدی اور جہانگیر ترین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔حکومت اور تاجروں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تاجروں نے ہڑتال ختم کردی۔ لاہور،ملتان،وہاڑی،قصور،گوجرانوالہ،کراچی(نامہ نگار،سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندگان 92نیوز، کامرس رپورٹر) لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، صادق آباد، خان پور، فتح پور، قادر پورراں، لڈن ، ساہیوال، دیپالپور،کراچی سمیت کئی شہروں میں حکومت کی ٹیکس پالیسیوں کے خلاف تاجروں نے دوسرے روز بھی شٹر ڈاون ہڑتال کی۔لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران ،مرکزی تنظیم تاجران ،پاکستان ٹریڈرز الائسنس،قومی تاجر اتحاد اور دیگر گروپوں کی اپیل پر تمام ہول سیل اور بڑی مارکٹیں مکمل بند رہیں جبکہ چھوٹی مارکٹیں اور پلازوں میں معمول کے مطابق کاروبار ہوتا رہا ہے ۔ اعظم کلاتھ مارکیٹ ،پاکستان کلاتھ مارکیٹ،شاہ عالم مارکیٹ ،اکبری منڈی ،سوہا بازار ،موتی بازار ،جیولرز مارکیٹ،بلال گنج ،انار کلی ،مال روڈ ،میڈیسن مارکیٹ لوہاری ،موچی گیٹ ،نسبت روڈ، عابد ماکیٹ، ہال روڈ ،برانڈر روڈ،اردو بازار ،گنبد روڈ ،پیسہ اخبار ،جیل روڈ ،اکبری گیٹ ،کشمیری بازار ،سوتر منڈی ،مصری شاہ لوہا مارکیٹ ،پیس سینٹر،گلبرگ سینٹر ،ہجویری سینٹر ،اوریگا سینٹر ،بادامی باغ مارکیٹ ،گنبد روڈ ،لاری اڈہ مارکیٹ ،لندا بازار ،لوہا مارکیٹ لوہا مارکیٹ ،باغبانپورہ ،شالیمار لنک روڈ ،اسلام پورہ ،شو مارکیٹ ،ریلوے سٹیشن ٹائر مارکیٹ ،بیڈن روڈ ،پینوراما سینٹر سمیت تمام بڑی مارکٹیں مکمل بند رہی ہیں۔گلبرگ میں موجودچند پلازے ،لبرٹی مارکیٹ، صدیق ٹریڈ سینٹر ،سٹی سینٹر،وحدت روڈ مارکیٹ ،برکت مارکیٹ میں جزوی ہڑتال رہی ہے ۔پنڈی بھٹیاں،قصور ،واربرٹن میں دکانیں کھلی رہیں۔