اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے غیر ضروری درامدات کی حوصلہ شکنی خوش آئند ہے جس سے امسال تجارتی خسارے میں چھ ارب ڈالر کی کمی ہو گی۔ غیر ضروری درامدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے کے بجائے مکمل پابندی عائد کی جائے توزیادہ زر مبادلہ بچ جاتا جبکہ مقامی صنعت ترقی کرتی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اشیائے تعیش اور درامد شدہ اشیاء کا استعمال رتبے اور مرتبے کی علامت بن چکا ہے جس کی وجہ سے انکی درامداور سمگلنگ جاری ہے جس نے ملکی معیشت کو کمزور کر دیا ہے ۔ خوشحال طبقہ کو اپنا طرز زندگی بدلنے اور ملکی پیداوار استعمال کرنا ہوگی ورنہ قرضے بڑھتے رہیں گے ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ بارشوں نے کسانوں پر قیامت ڈھا دی ہے انھیں ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ورنہ اشیائے خوردو نوش کی کمی کی وجہ سے ستر کی دہائی والا راشن کارڈ سسٹم دوبارہ متعارف کروانا پڑ جائے گا۔ منہ زور بیوروکریسی ایف بی آر میں اصلاحات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور یہ ادارہ بدستور ملک ی اقتصادیات کو تباہ کر رہا ہے ۔پچانوے فیصد وسائل پر ان لوگوں کا قبضہ ہے جو دو فیصدسے کم پرسنل ٹیکس ادا کرتے ہیں مگران سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے ۔