اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار )وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کی ویڈیو لنک پر ملاقات ہوئی۔اے پی این ایس ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے واجبات کی ادائیگی اور میڈیا انڈسٹر ی کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت میڈیا صنعت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ،وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ان مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ،اشہارات کے واجبات کی ادائیگی ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے ،اس مد میں 74 کروڑ روپے ادا ہو چکے ہیں ، موجودہ حکومت کے دورانیہ کے ا شتہارات کی مد میں تقریباً 45 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے ۔ کورونا کے باعث پوری دنیا معاشی عدم استحکام کا شکار ہے ، اس کے منفی اثرات ہماری معیشت پر بھی مرتب ہوئے ۔ہم سب کو مل کر ان مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے ، میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے ، میڈیا نہ صرف عوام میں آگاہی پیدا کرتا ہے بلکہ اس شعبے کے ساتھ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بھی وابستہ ہے ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا صنعت کی ترقی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے ۔ میڈیا ہائو سز صحافیوں اور ورکرز کی تنخواہوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنی ذمہ داری ادا کریں ۔ پرنٹ میڈیا کے ٹیکس ریفنڈز کے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل اے پی این ایس سرمد علی،شہاب زبیری ،مجیب الرحمان شامی، قاضی اسد عابد، نجم الدین شیخ، مشتاق احمد، فوزیہ شاہین، محسن بلال ،فیصل زاہد ملک، سید ہارون شاہ ، نوید چودھری ، ممتاز اے طاہر اور دیگر اراکین نے شرکت کی جبکہ معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز سے ملاقات کی جس میں 9 اگست کو ٹائیگر ڈے کے طور پر منانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کا جذبہ قابل تحسین ہے ، وبائی صورت حال میں بغیر کسی معاوضے کے خدمات پر رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 9 اگست کے دن کو ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔