لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے حکومت سے تاجروں کو بھی ریلیف پیکج دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے سے پہلے بھی بد ترین مہنگائی اور ہیجان کی کیفیت کی وجہ سے کاروبار میں شدید مندی کا رجحا ن تھا، لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد بہت سے تاجردوبارہ اپنا کاروبار چلانے کے متحمل نہیں ہو سکتے اس لئے حکومت فوری طو رپر تاجر تنظیموں سے مشاورت کا آغاز کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے عہدیداروں سے ٹیلیفونک اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تاجر رہنمائوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت کی ہدایات کے مطابق کاروبار کو مکمل بند کیا گیا بلکہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عملے کو بھی پیشگی تنخواہوں کی ادائیگی کی گئی ہے اس لئے حکومت ہمارے لئے بھی سوچ بچا کر کے اعلان کرے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد دکاندار اپنی دکانوں کے کرائے اور یوٹیلٹی بلز ادا نہیں کر سکیں گے ، ملک بھر میں موجود 30لاکھ سے زائد تاجروں کا معیشت میں کلیدی کردار ہے لیکن اگر حکومت نے انہیں نظر انداز کیا تو معیشت کا پہیہ نہیں چل سکے گا اور اس سے بیروزگاری بھی پھیلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران سے مطالبہ ہے کہ فوری طو رپر تاجروں کے لئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے اور انہیں دوبارہ کاروبار چلانے کے لئے مالی معاونت فراہم کی جائے ، تاجروں کے یوٹیلٹی بلز بھی معاف کئے جائیں ۔