شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے حکومت مخالف تحریک اٹل فیصلہ ہے ، ان ہاؤس تبدیلی کیلئے استعفوں کا آپشن بھی موجود ہے ، حکومت قومی سلامتی کے معاملات پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی، شیخ رشید کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں، اس سے حکومت کی سنجیدگی اورمچیورٹی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ،شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے پر تولتی حکومت گلگت بلتستان کا یکطرفہ انتخاب چاہتی ہے ۔صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات میں حکومت کا جھرلو چلے گا نہ نواز لیگ کی قیادت کی گرفتاری سے اسے جیت حاصل ہوگی، شہباز شریف کی گرفتاری کی حکومتی کوشش اسے مہنگی پڑے گی، حمزہ شہباز کو علالت کے باوجود علاج معالجہ کی موثر سہولیات فراہم نہ کرنا، مریم نواز کے قافلے پر دھاوا بولا جانا، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بیان بازی اور میڈیا ٹرائل سمیت ہر حکومتی حربہ اپوزیشن بالخصوص نواز لیگ کو دبانے کی ناکام کوشش ہے جس کارد عمل ضرور آئے گا، اپوزیشن کو متحد دیکھ کر حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔حکمرانوں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کو ہے ، عمران خان سمیت تمام حواری منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری محمود الحق شاہین، پیر سید اشرف رسول، میاں عبدالرؤف، سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، رانا خلیل گادی، ملک ظہیر اور دیگربھی موجود تھے ۔