لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے میرے خیال میں مریم نواز کے حوالے سے بارگین نہیں ہوگی، حکومت مریم نواز کو باہرجانے کی اجازت نہیں دے گی لیکن اگر عدالت باہرجانے کی اجازت دے گی تو حکومت مخالفت نہیں کریگی، عمران خان کے خلاف کوئی مائنس ون کی ہوا نہیں چل رہی ، البتہ اپوزیشن کے اندر خود ان ہائوس تبدیلی کی ہوا چل رہی ہے ۔ پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان معید پیرزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہااپوزیشن پلی بارگین کی کوشش کریگی،حکومت چلانے کیلئے کچھ لو اورکچھ دو کی پالیسی چلتی رہتی ہے ۔خواجہ آصف کی تقریر کے بہت سارے معانی ہیں ۔تجزیہ کار ثنا بچہ نے کہا ن لیگ یہ کہہ رہی ہے کہ اگرحکومت کا رویہ ایساہی رہا تو وہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے ترامیم میں حکومت کا ساتھ نہیں دیگی، خواجہ آصف نے واضح طورپرکہا حکومت اپنے رویوں پر غورکرے ۔تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ا گر سادہ اکثریت کے ساتھ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ترمیم پاس بھی ہوجاتی ہے تو ملک کے اندر کیا پیغام جائے گااس لئے حکومت کو اپنے رویے پرغورکرنے ا ورمذاکرات کی طرف جانے کی ضرورت ہے ،پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنا حکومت کا کام ہے ،اسے چاہئے کہ وہ اپوزیشن کو بلائے کیونکہ سادہ اکثریت کا پیغام اچھا نہیں جائے گا،عمران خان صرف عثمان بزدارکو کامیاب کرنے پر تلے ہوئے ہیں حالانکہ خود پی ٹی آئی کے اندر بھی ارکان اسمبلی بزدار کی مخالفت کرتے ہیں۔ماہرقانون احمد اویس نے کہا پارلیمنٹ کے اندر حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ،میرا خیا ل ہے آرمی ایکٹ کی حد تک ہی اس میں ترمیم کرنا ہوگی، ن لیگ کی قیادت یہ محسوس کررہی ہے کہ حکومت پھنس چکی ہے اس لئے اس سے سودے بازی کی جائے ، اس میں مریم نوا ز بھی باہرجاسکتی ہیں۔