لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سیاسی حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ،اسی لیے وہ نواز شریف کے باہر جانے کے معاملے کی ذمہ داری بھی عدالتوں پر ڈالنا چاہتی ہے ،حکومت دماغ اور قوت فیصلہ دونوں سے محروم ہے ، قانو ن کی حکمرانی نہ ہونے سے سیاست ، جمہوریت تباہ ہوچکی ہے ،تمام ادارے اپنا اعتماد کھوچکے ہیں،قانون عام آدمی کیلئے لوہے کے چنے ، بااثر کیلئے موم کی ناک بن چکا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعدپارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملک میں سرے سے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے اور عام آدمی فاقہ کشی پر مجبور ہے ،دال سبزی پر گزارہ کرنے والا سفید پوش طبقہ پس کررہ گیا ہے ،سبزی گوشت کی قیمت پر مل رہی ہے ۔ملک میں روزگار ختم ہو کررہ گیا ہے ،اب تو مزدوروں کو بھی روزانہ مزدوری نہیں مل رہی ،اگر یہی صورتحال رہی تو عوام زیادہ دیر حکمرانوں کو برادشت نہیں کریں گے اور گھروں میں بھوک سے مرنے کی بجائے حکمرانوں کے گریبان پکڑنے کے لیے اٹھ کھڑ ے ہونگے ۔