رائے ونڈ (نامہ نگار)مسلم لیگی ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر زراعت کے شعبہ پر توجہ نہ دی تو ہماری بقاء کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ابھی تک ترجیحات کا تعین ہی نہیں کرپائی اب تک سامنے آنے والے فلاحی منصوبے سابقہ حکومتوں کے تندوربے نظیرانکم سپورٹ پروگرام جیسے منصوبوں کا چربہ ہیں اگر تحریک انصاف کے منشور کو سامنے رکھا جائے اور ان وعدوں کو جو اس نے عوام سے اقتدار میں آنے سے پہلے کئے تھے تو عمران خان کی حکومت بری طرح ناکام نظر آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشیات عالمی مالیاتی اداروں کے حوالے کرنے سے بہتر تھا کہ عمران خان مستعفی ہوکر گھر چلے جاتے تو کم ازکم مستقبل میں ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا چانس رہتا مگر اس وقت ملک جو افراتفری ہے تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی بجلی‘گیس‘تیل سمیت اشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے باہر جاچکی ہیں مگر حکومت ڈھٹائی سے سب اچھا ہے کا راگ آلاپ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فطری بات ہے کہ عوام نئی آنے والی حکومت سے ریلف کی توقع رکھتے ہیں مگر پی ٹی آئی حکومت نے ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں ہی عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے فیصلہ نہ لیا اور عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو 2020حکومت کا آخری سال ثابت ہوسکتا ہے ۔