ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے تحریک انصاف کی حکومت نے ٹیک آف کر لیاہے ۔ اب سہولتوں کی فراہمی اور عوام کو ریلیف دینے کا وقت آن پہنچا ہے ۔حکومت آئی پی پیز کے معاہدے ریوائز کرنا چاہتی ہے ۔وزیراعظم نے آئی پی پیز سے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے بات چیت کی ہے ۔ آئی پی پیز سے نئے معاہدوں سے بجلی کے نرخوں میں کمی آئیگی۔ سابقہ حکومت کی غلط منصوبہ بندی کی بدولت زرعی نقصان بھی ہوا اور بجلی کے نرخ بھی بڑھے ۔عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا۔سولر انرجی پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے ۔ جب سولر، ونڈ اور ہائیڈل پاور پراجیکٹ ساتھ آئیں گے تو بجلی سستی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح ٹائون ملتان میں 132کے وی گرڈ سٹیشن کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ماضی میں کسی نئے ڈیم کے منصوبے پر کام نہیں کیا گیا۔ ہماری حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر کام شروع کردیا ۔ وزیراعظم نے کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے تاریخی ریلیف پیکج دیا ہے ۔ کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروغ سے روز گار پیدا ہوگا اور لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ زین حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت عوا م کی زندگیوں میں آسانی لانا چاہتی ہے ۔پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور کے مطابق درست سمت جا رہی ہے ۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہاپنجاب کی دس یونیورسٹیوں کیلئے سولر پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔مہنگائی کو لیکر کچھ لوگ حکومت کیخلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں۔ نواز دور میں پٹرول 110 ،اس وقت 105روپے لٹر ہے ۔ ہماری حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے ۔ میپکو چیف رضا خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔