مظفرآباد (بیورورپورٹ )وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے جس کو ہندوستان ہڑپ نہیں کرسکتا ۔ جمعہ کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق حیدر نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام رائے شماری کے ذریعے کریں گے ۔ 5اگست کے اقدامات کے بعد ہندوستان نے شملہ معاہدہ کو خود توڑ دیا ہے ۔اب حکومت پاکستان کو قومی اسمبلی میں تحریک پیش کر کے شملہ معاہدہ سے نکل آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کب تک ہندوستان کے مظالم کا شکار رہیں گے ۔ حکومت پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کشمیر پاکستان کا کور ایشو ہے یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے رائے شمار ی میں میرا ووٹ پاکستان کو جائے گا۔